فائل فوٹو
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 273 ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے اقبال ٹائون 414 کے ساتھ سرفہرست رہا۔ پیراگون سٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 324 اور کینٹ میں 331 ریکارڈ کیا گیا۔
گلبرگ ٹو میں آلودگی کی شرح 300 اور برکی روڈ میں 290 درج کی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں فیلڈ آپریشن کیا گیا۔
صوبے بھر میں 258 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ خلاف ورزی پر 5 یونٹس سیل اور 10 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
چار سو باون اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن میں 3 مسمار اور 4 سیل کیے گئے۔ غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی میں 1462 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا۔
باربی کیو اور کمرشل کچنز کے خلاف کارروائی میں 12 مقامات سیل کیے گئے۔
حکام کے مطابق ڈرون سکواڈ اور نائٹ سکواڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ ماحولیاتی تحفظ میں تعاون کریں۔
کسان فصلوں کی باقیات نہ جلائیں اور شہری گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں۔


