فائل فوٹو
لاہور (این این آئی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی تعلیمات محبت، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا لازوال پیغام ہیں۔
حکومت مزار پر آنے والے تمام زائرین اور بیرون ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ مزار آمد پر سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے داتا دربار کی توسیع، تزئین و آرائش اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم نے خواتین زائرین کے لیے حال ہی میں تعمیر کیے گئے مخصوص راستے کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے خواتین کے لیے آمد و رفت کے بہتر انتظامات اور متعلقہ محکموں کی خدمات کو سراہا۔ خواتین زائرین نے نئے راستے کی بروقت تکمیل پر نائب وزیراعظم اور محکمہ اوقاف کا شکریہ ادا کیا۔
دورے کے اختتام پر مولانا ندیم مختار نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔


