
لاہور(چیف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لئے کاروباری سرگرمیوں ناگزیر ہے۔تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے ۔ ملکی معیشت بہتر ہوگی تو ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے محمد امجد چودری اور عظمت علی شاہ کی قیادت میں آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تاجروں کو سازگار ماحول مہیا کر کے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائی جاسکتی ہے جس سے عام آدمی کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو مضبوط کریں گے تو ملک کی معیشت اچھی ہو گی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جب سے گورنر بنا ہوں، میری کوشش ہے کہ میں کاروباری لوگوں سے ملوں اور ان کے مسائل حل کروں۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لئے ون ونڈو کی سہولت ہونی چاہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر پالیسیاں بنانا مناسب نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی انویسٹمنٹ کے لیے آتے ہیں تو انہیں سازگار ماحول نہیں ملتا ۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں ملک کی ترقی اور بحرانوں کے حل کے لئے ہمیشہ سنجیدہ حکمت عملی اپنائی۔


