کراچی میں گلشن اقبال نیپا پل کے قریب مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔ ملزمان مبینہ طور پر ایک کروڑ 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری موٹر سائیکل پر اتنی بڑی رقم لے کر جا رہا تھا۔ اس نے واقعے کی اطلاع ہسپتال پہنچ کر دی۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعہ گلشن تھانے کی حدود میں ہے یا عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور دونوں تھانوں کی نفری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت یقینی بنائی جائے۔


