تصویر: NNI / موصولہ پریس ریلیز
لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 158 ریکارڈ کیے جانے کے بعد پنجاب حکومت نے انسدادِ سموگ کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ ہوا کی رفتار دو سے سات میل فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جبکہ ہوائوں کا رخ جنوب سے شمال اور مشرق کی جانب رہا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف مربوط نظام فعال کردیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو انہتر صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، گیارہ یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج اور بارہ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں چار سو اکتیس بھٹوں کی جانچ کی گئی، پانچ بھٹے مسمار، نو سیل اور نو مقدمات درج کیے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ صاف ہوا اور محفوظ ماحول کے لیے کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دھویں سے متعلق شکایات تیرہ تہتر پر درج کرائیں۔


