اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کبھی ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک صوبہ مسائل کا شکار ہو اور ملک میں کاروبار آئے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جماعتیں اور سیاست اپنی اپنی ہیں لیکن ملک سب کا ہے اور معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کی ضرورت ہے جبکہ چاروں صوبوں میں امن کی اشد ضرورت ہے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے سے ہماری کوئی ذاتی پسند ناپسند نہیں ہے اور ہم دہشتگردی کے معاملے پر بات کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ایک راستہ بن گیا تھا اور لانگ مارچ کی کال سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ان کی بہنوں کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہ اضلاع میں صورتحال خراب ہے اور خیبر پختونخوا حکومت سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا جسے وہ پورا نہ کر سکیں۔
وزیر نے خبردار کیا کہ وزیراعلیٰ کی سوچ کی وجہ سے ایمرجنسی بھی لگ سکتی ہے۔


