اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں پاک بھارت میچ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔ اس میچ کے لیے سب سے زیادہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے ٹکٹس کی مانگ نے ابتدائی مرحلے میں تمام توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ صرف تین روز سے بھی کم عرصے میں ٹکٹ بیلٹ کے لیے درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے مختلف میچز کے لیے 11 لاکھ سے زائد ٹکٹس کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
ٹکٹس کے حصول کے لیے سب سے زیادہ جوش وخروش پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی متوقع مقابلے کے حوالے سے دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جنوبی افریقا اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے مقابلے کے لیے 86 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان 7 نومبر کو شیڈول پری سیڈڈ سپر 7 میچ کے لیے تقریبا 78 ہزار درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 48 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کی مقبولیت کس قدر بڑھ چکی ہے۔
آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسا نگونیا نے بھی ٹکٹوں کی غیر معمولی مانگ پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں عالمی شائقین کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہش کا اظہار ہیں۔
ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ، سینٹرل افریقن ٹائم تک جاری رہے گا۔ شائقین کے لیے بیلٹ میں شامل ہونا مکمل طور پر فری ہے اور رجسٹریشن کے وقت کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔
اگر کسی میچ کے لیے دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا


