لاہور، 9 نومبر: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی، جس میں رنگ روڈ راولپنڈی پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کو حتمی شکل دی گئی۔ گروپ کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے ہینڈآؤٹ کے مطابق ورکنگ گروپ میں اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبرز کے نمائندے اور سرکاری حکام شامل ہوں گے۔ یہ گروپ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے منصوبے کو آگے بڑھائے گا۔
گروپ میں سیکرٹری صنعت و تجارت محمد عمر مسعود، چیئرمین پیڈمک شہزاد اعظم، سی او او علی معظم، راولپنڈی چیمبر کے پیٹرن ان چیف سہیل الطاف، صدر نوشیروان خلیل خان اور سابق صدر اسد مشہدی شامل ہوں گے۔ اسلام آباد چیمبر کے صدر محمد ذکریا اکبر خان، سابق صدر خالد جاوید اور ہجویری گروپ کے چیئرمین توقیر اعوان بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتکاروں کی ضرورت کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ پر غیر زرعی زمین پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی، جہاں صنعتی یونٹس قائم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے آسان کاروبار فنانس سکیم اور پیوٹ پروگرام کو صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون قرار دیا۔
صوبائی وزیر نے صنعتوں کو ماحولیاتی ایس او پیز پر مکمل عمل اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفد کے سربراہ سہیل الطاف نے پنجاب حکومت کی نئی صنعتی پالیسی، آسان کاروبار فنانس سکیم اور پیوٹ پروگرام کو سراہا۔ چینی سرمایہ کار کمپنی کے مسٹر یانگ بھی ملاقات میں موجود تھے۔


