کراچی (این این آئی) برنس روڈ کی تاریخی اور ثقافتی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اسے خوبصورت اسٹریٹ بنایا جائے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ شہریوں اور کاروباری افراد کو بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معروف ماہر تعمیرات یاسمین لاری نے برنس روڈ کی بحالی کا مجوزہ نمونہ پیش کیا۔
آصف حیدر شاہ نے کہا کہ تاریخی شاہراہ کے روایتی ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے اسے منظم بنایا جا رہا ہے۔ برنس روڈ کو پیدل چلنے والوں کے لیے سازگار بنانے سے شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
اس اقدام سے فوڈ اسٹریٹ کا ماحول بھی نمایاں طور پر بہتر ہو جائے گا۔ میئر کراچی اور متعلقہ میونسپل ٹاؤن انتظامیہ مجوزہ منصوبے سے متفق ہیں۔
بحالی کے اس منصوبے پر مقامی رہائشیوں اور کاروباری برادری کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔


