اسلام آباد (این این آئی) نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی نے گھر بیٹھے شناختی کارڈ پر تصویر اور مستقل پتہ تبدیل کروانے کا طریقہ کار بتا دیا۔ نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ میں تصویر اور مستقل پتہ تبدیل کروانے کی درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔
ایپ میں لاگ ان کرنے کے بعد ہوم اسکرین پر شناختی کارڈ کے آپشن میں جائیں۔ اپنے شناختی کارڈ کے لیے بذات خود اور خون کے رشتہ دار کی درخواست کے لیے متعلقہ آپشن منتخب کریں۔
کارڈ کی تجدید کو منتخب کر کے مطلوبہ کوائف میں ترمیم کریں اور کارروائی مکمل کر کے درخواست جمع کروائیں۔ شہری اب اپنے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ساتھ شریک حیات اور اہل بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
ان ڈیجیٹل کارڈز کو محفوظ کیا جا سکتا ہے اور ضرورت کے وقت شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔ ب فارم یا شناختی کارڈ منسوخی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے پاک آئی ڈی میں موجود کیو آر کوڈ اسکین کریں کا آپشن استعمال کریں۔
ڈیجیٹل کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے بعد تصدیق شدہ معلومات آسانی سے دیکھی جا سکتی ہیں۔ پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن کے ذریعے حج یا عمرہ کے لیے انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار کی ویکسینز کی بائیومیٹرک تصدیق بھی کی جا سکتی ہے۔


