ہرارے (اسپورٹس ڈیسک) زمبابوے کی سابق فاسٹ بولر اور امپائر سارہ ڈمبانیوانا پیر کے روز ہرارے میں انتقال کر گئیں۔ وہ 36 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔
زمبابوے کرکٹ کے مطابق سارہ ڈمبانیوانا مارچ میں ایک طبی عمل سے گزرنے کے بعد سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ ان کے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2 ستمبر 2023 کو ہوا۔
انہوں نے یو اے ای میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور بھارت و سری لنکا میں منعقدہ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
انہیں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کے لیے مقرر کیا گیا تھا اور وہ امپائرز اور میچ آفیشلز کے تاریخ ساز مکمل خواتین پر مشتمل پینل کا حصہ تھیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا میں 2023 کے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں امپائرنگ کی۔
وہ کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کرنے والی زمبابوے کی پہلی خاتون بن گئی تھیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 63 سینئر بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی۔
ان میں خواتین کے 42 ٹی ٹوئنٹی، 11 ون ڈے اور مردوں کے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ انہوں نے ملکی کرکٹ اور عالمی یوتھ ٹورنامنٹس میں بھی امپائرنگ کی۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے 2009 سے 2014 کے دوران بطور کھلاڑی بھی زمبابوے کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 2011 کا ورلڈ کپ کوالیفائر بھی کھیلا۔


