لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا آغاز کر دیا ہے۔ تمام چیف ٹریفک آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو سخت اور بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف آٹھ لاکھ تیس ہزار سے زائد چالان کیے جا چکے ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس نے اسی عرصے کے دوران ایک لاکھ سینتالیس ہزار سے زائد بغیر لائسنس ڈرائیورز کے چالان کیے۔
یہ کارروائیاں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جاری ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرمانوں سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ شہری لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن پورٹل، خدمت مراکز اور لائسنسنگ سینٹرز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
ٹریفک قوانین پر عمل درآمد حکومت پنجاب اور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔


