وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام اکتالیسواں قومی مقابلہ برائے حفظ و قرات آج بدھ سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ملک بھر سے چھپن حفاظ اور قرا قومی مقابلہ برائے حفظ و قرات میں شریک ہوں گے۔
قومی مقابلوں کے پہلے دو مراحل ضلعی اور صوبائی سطح پر منعقد کیے گئے تھے۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے نامزد حفاظ اور قرا ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
حفظ اور قرات میں بچے بچیوں اور نوجوانوں کی دس مختلف کیٹیگریوں میں مقابلہ ہوگا۔ مقابلوں کا مقصد نوجوان نسل میں قرآنی تعلیمات اور حفظ و قرات کے شوق کا فروغ اور حوصلہ افزائی ہے۔
نمایاں کارکردگی کے حامل حفاظ اور قرا بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ قومی مقابلہ برائے حفظ و قرات دو روز تک جاری رہے گا اور اس کا اختتام پندرہ اکتوبر کو ہوگا۔


