فیصل آباد کی تاجر برادری نے عوامی مسائل کے حل، بہتر گورننس اور انتظامی اصلاحات کے لیے فیصل آباد ڈویژن کو الگ صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تاجر برادری کے مطابق معاشی ترقی کے لیے نظام میں بنیادی تبدیلی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور سیاسی چہرے بدلتے رہے، تاہم عوامی، شہری اور ضلعی مسائل کا مؤثر حل نہیں ہو سکا۔
تاجروں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ آزاد ہونے والے ممالک آگے نکل گئے، جبکہ انتظامی ناکامیوں کے باعث پاکستان پیچھے رہا۔ ان کے مطابق صرف حکمرانوں اور چہروں کی تبدیلی سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس لیے موجودہ انتظامی نظام میں بنیادی اصلاحات ضروری ہیں۔
تاجر برادری نے بہتر گورننس کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور انتظامی یونٹس کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات عوام کے قریب ہونے سے نمائندگی بہتر اور مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
تاجروں نے اسلام آباد کو خود مختار انتظامی یونٹ یا صوبائی حیثیت دینے کے اقدام کا بھی خیر مقدم کیا اور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں کسی نئے انتظامی نظام کے نفاذ سے قبل فیصل آباد ڈویژن کو صوبہ بنایا جائے۔
ان کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کو صوبائی حیثیت ملنے سے عوام کو بہتر نمائندگی اور مسائل کے فوری حل کی سہولت میسر آ سکتی ہے۔


