فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلفشاں کالونی جھنگ روڈ کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں سے غیر قانونی طور پر رکھی گئی اشیاء ہٹا دیں۔
ایف ڈی اے کے مطابق یہ کارروائی شہریوں کی جانب سے موصول شکایات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر کی گئی۔ آپریشن ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج کی نگرانی اور اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں کیا گیا، جبکہ انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر عملہ بھی ٹیم میں شامل تھا۔
ایف ڈی اے کے مطابق معائنے کے دوران بعض دکانداروں، پھل فروشوں، فوڈ سٹالز، ناشتہ پوائنٹس اور دیگر کاروباری افراد نے مقررہ حدود سے باہر سامان، میزیں، کرسیاں، ٹھیلے اور دیگر اشیاء رکھ کر گزرگاہوں کو متاثر کیا ہوا تھا۔ ادارے کے مطابق اس صورت حال سے شہریوں کی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔
ٹیم نے کارروائی کے دوران تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا مختلف کاروباری سامان قبضے میں لے لیا۔ ایف ڈی اے کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب 21 دکانداروں کے چالان مرتب کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے ہیں۔
ایف ڈی اے حکام نے کہا ہے کہ زیرکنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ادارے کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


