وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے لیے وزیراعظم ریلیف پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا احساس قابل تحسین ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے وزیراعظم ریلیف پیکیج پر قائد محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کے نرخوں میں اضافے کا رجحان ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
مریم نواز شریف کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر ریلیف پیکیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے دنیا بھر میں ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے اور مشکل معاشی حالات میں عوام کے لیے یہ اقدام احسن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اجرا کیا تھا۔ سکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف دیا جائے گا۔


