میانوالی میں مختلف ناگہانی اور پرتشدد واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی سے کالاباغ جانے والی سڑک پر مہارانوالا کے قریب موٹر سائیکل حادثے میں معروف سماجی و سیاسی شخصیت شفیع اللہ خان شدید زخمی ہو گئے۔
تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں راولپنڈی کے ہسپتال ریفر کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک کی نامکمل حالت اور ون وے نہ ہونے کی وجہ سے میانوالی حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک اور واقعہ تحصیل عیسیٰ خیل کے نواحی علاقے سلطان خیل مکڑوال میں پیش آیا جہاں معمولی تلخ کلامی پر حاشر خان نے فائرنگ کر کے اپنے دوست رفیع اللہ خان کو ہلاک کر دیا۔ تھانہ مکڑوال پولیس نے مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تیسرے واقعے میں کندیاں کے علاقے میں جہیز کا کیس فیصلے کے بعد مطلقہ خاتون کو گھر سے باہر بلا کر فائرنگ سے شدید زخمی کر دیا گیا۔ تھانہ کندیاں پولیس نے زخمی خاتون کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پپلاں منتقل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔


