کراچی (این این آئی) میر رضا کی موت کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے اپنی سربمہر رپورٹ سندھ حکومت کے حوالے کردی ہے۔ رپورٹ میں واقعے سے متعلق حقائق، پولیس تفتیش اور طبی شواہد شامل ہیں۔
عدالتی کمیشن کے رجسٹرار عبد الماجد نے یہ رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری کے حوالے کی۔ جسٹس عمر سیال پر مشتمل یہ عدالتی کمیشن 24 اگست کو قائم کیا گیا تھا۔
کمیشن نے اپنی کارروائی کے دوران 15 سماعتیں کیں اور مجموعی طور پر 49 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے۔ رپورٹ کو عام کرنے کا حتمی فیصلہ اب سندھ حکومت کرے گی۔


