کراچی (انٹرنیشنل ڈیسک) بن قاسم ٹاؤن کی گلشنِ فلک ناز سوسائٹی میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ملیر پولیس نے تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ متوفی شاہ زیب کے قریبی دوستوں کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم میں ڈی ایس پی بن قاسم، ڈی ایس پی ملیر سٹی، انچارج آئی ٹی اور دو تھانوں کے ایس ایچ اوز شامل ہیں۔ پولیس شاہ زیب کے ان قریبی دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کرے گی جنہوں نے حال ہی میں اس سے رابطہ ختم کیا تھا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق پوسٹ مارٹم میں شاہ زیب اور صبا کی موت سر میں گولی لگنے سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کی میتیں ان کے چچا زاد بھائی علی نے وصول کر لی ہیں۔


