امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو گولی مار دینی چاہیے۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ خبر رساں اداروں کو ایران پر حملے کا وقت معلوم ہونے کے باعث انہوں نے کارروائی منسوخ کر دی تھی۔
اریزونا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پرانے زمانے کی طرح اب بھی خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ ٹرمپ کے مطابق بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھیجے گئے تھے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے یہ خبر لیک کی کہ وہ میسوری سے رات بارہ بج کر سات منٹ پر روانہ ہو رہے ہیں اور یہ خبر نیویارک ٹائمز اور سی این این میں بھی شائع ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو زمین پر موجود بدترین لوگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔


