لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے گاڑی کی سپرداری کے مقدمے میں بارہ سال تک ٹرائل کورٹ میں چالان جمع نہ کروانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے شہری طاہر علی سندھو کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ اسکواڈ ساجد سمیت دیگر متعلقہ افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مقدمہ دو ہزار پندرہ میں درج ہوا تھا اور آج تک اس میں کیا پیش رفت ہوئی۔ ڈی ایس پی عدالت کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
عدالت نے اس معاملے پر مزید سماعت تین نومبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزار نے ایڈیشنل سیشن جج کے بائیس مارچ دو ہزار سترہ کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
تھانہ اقبال ٹاؤن اور مصطفی ٹاؤن میں دو ہزار پندرہ کے دوران مقدمات درج کیے گئے تھے جن کی تفتیش اے وی ایل ایس نے کی۔


