لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے سموگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور سموگ کی روک تھام کے لیے خصوصی سرویلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق صوبہ بھر کی اہم شاہراہوں پر سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی سے گزشتہ سات روز کے دوران دو ہزار چھ سو پچھتر ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ان خلاف ورزیوں پر ایک ہزار تین سو اٹھانوے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ آٹھ سو چونتیس وارننگز جاری کی گئیں۔
دھواں چھوڑنے والی ایک ہزار دو سو چالیس گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف ای چالان اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس کے علاوہ بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی ایک ہزار تین سو باسٹھ گاڑیوں کی بھی نشاندہی کی گئی۔
باربی کیو اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی ایک سو چھیالس خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور صنعتی آلودگی کے سولہ کیسز سامنے آئے۔ ترجمان نے بتایا کہ صاف اور صحت مند پنجاب کے حصول کے لیے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


