لاہور (بیورو رپورٹ) ورلڈ بینک کے وفد نے واسا لاہور ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے وفد کا استقبال کیا۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ورلڈ بینک وفد کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔
وفد کو واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم اور ادارے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے کہا کہ پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے۔
مستقبل کے منصوبوں میں پائیدار واٹر مینجمنٹ، جدید انفراسٹرکچر اور عالمی معیار کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر پی اینڈ ای مدثر جاوید نے واسا لاہور کی پچاس سالہ کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو، بی آر بی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور فیروزپور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، جدید نکاسی آب کے نظام اور پائیدار واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ورلڈ بینک کے وفد نے واسا لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ورلڈ بینک کے وفد میں پریکٹس مینیجر واٹر ڈیوڈ مشا، فرحان سامی اور کارلو البرٹو امادی شامل تھے۔


