لاہور میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان چائنا بزنس فورم کے بیس رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں چین کی کمپنیوں کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں چپ فریم کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت صوبائی حکومت کا بنیادی فوکس ای وی سیکٹر کا فروغ ہے۔
حکومت پاکستان چائنا بزنس فورم کو چائنا پویلین بنانے کے لیے درکار اراضی فراہم کرے گی۔
فورم کے بیجنگ آفس کے ڈائریکٹر وی لینذو نے کہا کہ وہ پنجاب میں چین کی مصنوعات کی نمائش کے لیے سو کنال اراضی پر چائنا پویلین بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پنجاب میں الیکٹرک بسوں اور ٹرکوں کے کارخانے لگانے کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کریں گے۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں پہلی بار پچاس ایکڑ رقبے پر ایکسپو سینٹر بنایا جائے گا جس کی تعمیر کا کام اس سال کے آخر میں شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں وی وو موبائل فون کمپنی کا کارخانہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔


