اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پنجاب حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا فلیگ شپ منصوبہ «اپنی چھت، اپنا گھر» اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے۔
نظامتِ اعلیٰ تعلقاتِ عامہ پنجاب کے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹڈ نیشنز ہیبی ٹیٹ نے دنیا بھر کے منصوبوں کے مسابقتی اور جامع جائزے کے بعد پروگرام کا انتخاب کیا۔ پروگرام کو کم آمدن والے خاندانوں کیلئے محفوظ اور مناسب رہائش کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے منتخب کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔
ہینڈ آؤٹ کے مطابق «اپنی چھت، اپنا گھر» دنیا کے پانچ کامیاب ترین ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہے، جبکہ اقوام متحدہ ہر سال دنیا بھر سے پانچ پروگرام اسکرول آف آنر ایوارڈ کیلئے منتخب کرتا ہے۔ ایوارڈ 5 اکتوبر کو ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی عالمی تقریب میں پیش کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے بتایا کہ ایوارڈ کی تقریب مسقط، سلطنتِ عمان میں ہو گی، جہاں 6 سے 8 اکتوبر تک ہاؤسنگ اور شہری ترقی سے متعلق سیمینار اور ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی۔
ہینڈ آؤٹ کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت دو لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کیلئے 260 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 134,439 گھروں کیلئے 196 ارب روپے سے زائد اور دوسرے مرحلے میں 65 ہزار گھروں کیلئے 62 ارب روپے سے زائد قرضے جاری ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق تقریباً سوا لاکھ خاندان پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ اسے پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس اسکیم بھی قرار دیا گیا ہے۔


