اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
لاہور (صورتِ حال، ایجوکیشن ڈیسک) پاکستان اور چین کے تعاون سے اساتذہ کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ تربیت کے لیے منعقد دو ہفتوں پر مشتمل بین الاقوامی پروگرام مکمل ہوگیا، جس میں ملک بھر کے سرکاری اور نجی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 اساتذہ نے شرکت کی۔
تربیت میں سرچ رینکنگ، ریکمینڈیشن انجن، سوشل میڈیا، ایپ مارکیٹنگ اور منی پروگرامز سمیت جدید ڈیجیٹل مارکیٹنگ ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال پر توجہ دی گئی۔ سرحد پار ای کامرس کی حکمت عملیوں میں ان ٹیکنالوجیز کے اطلاق پر بھی زور دیا گیا۔
اساتذہ کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ تربیت سلک روڈ ڈیجیٹل ٹریڈ اکیڈمی کے تحت جی ٹی ٹی آئی گلبرگ لاہور میں قائم نئے سینٹر آف ایکسیلنس میں منعقد ہوئی، جہاں آن کیمپس اور آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا۔ شرکا کو روزانہ دو گھنٹے تربیت فراہم کی گئی۔
پروگرام یونی انٹرنیشنل اور چین کی آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی کمپنی نے چیجیانگ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس کے تعاون سے منعقد کیا۔ اسے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی معاونت حاصل تھی۔


