لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے مکہ مکرمہ کی طرف حوثی گروپ کے ڈرون بھیجنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کا تحفظ اور ان کی سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے اہم ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتے ہیں، اس لیے ان کی طرف کسی بھی قسم کی جارحیت یا خطرہ ناقابل قبول ہے۔ ان کے بقول، مقدس مقامات کی حفاظت اور حجاج و زائرین کا تحفظ مسلمانوں کے جذبات سے جڑا معاملہ ہے۔
سیف الملوک کھوکھر نے عالمی برادری اور مسلم ممالک سے مقدس مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اور مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں اور ان کا تدارک ضروری ہے۔
علاوہ ازیں، حلقے کے لوگوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جیسے اقدامات عوامی مشکلات کم کرنے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتیں دنیا بھر کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں اور پاکستان بھی ان حالات سے متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے بقول، حالات بہتر ہونے پر پیٹرولیم کی قیمتیں اپنی اصل سطح پر واپس آ جائیں گی۔


