اے آئی کی تیار کردہ علامتی تصویر
(کراچی، نیوز ڈیسک) این این آئی کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو جدید طرز پر منظم اور خوبصورت بنایا جائے گا، جبکہ علاقے کی تاریخی شناخت برقرار رکھتے ہوئے شہری سہولتوں میں بہتری لائی جائے گی۔
انہوں نے رات گئے برنس روڈ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے سڑکوں کی تعمیر و بحالی، ترقیاتی اور خوبصورتی کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دکانداروں اور کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے جاری کاموں پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
آصف حیدر شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ اور ملحقہ علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر جنوبی، میونسپل کارپوریشن کراچی اور دیگر متعلقہ افسران بھی چیف سیکریٹری سندھ کے ہمراہ تھے۔


