کراچی (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے نیشنل انشورنس کمپنی بھرتیاں مبینہ طور پر خلاف ضابطہ ہونے کے مقدمے میں کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق عزیز کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق طارق عزیز کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد 7 ستمبر کو درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ مقدمے میں مفرور تھے اور دیگر چھ افسران کے ساتھ نامزد ہیں۔
حکام کے مطابق مقدمے میں نیشنل انشورنس کمپنی کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی اور دو سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بھی نامزد ہیں۔ ادارے کے سی بی اے عہدیداروں کی تحریری شکایت پر مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق نیشنل انشورنس کمپنی بھرتیاں مبینہ طور پر سیکڑوں کی تعداد میں ہونے پر سرکاری آڈیٹر نے بھی اعتراضات اٹھائے تھے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر افراد کے بارے میں بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔


