انٹرنیشنل ڈیسک — ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کے ملک پر عائد امریکی پابندیوں کا تسلسل حالات کو مزید خراب کرنے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے تہران کے ساتھ معاملے میں طاقت کی پالیسی کے بجائے مذاکرات کو اپنانے پر زور دیا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعادہ کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں چاہتا اور مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
مسعود پزشکیان نے آرمینیا میں ملاقاتوں کے دوران زور دیا کہ ایران کو پابندیوں کے ذریعے نہیں جھکایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو جان لینا چاہیے کہ ایران اپنے عوام پر اعتماد کرتے ہوئے تعلقات جاری رکھے گا۔
انہوں نے تاکید کی کہ امریکہ نے ایران اور پوری دنیا کے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ بہتر ہے کہ امریکہ طاقت کے بجائے منطق کے ساتھ مذاکرات کا سہارا لے۔


