پشاور (نیوز ڈیسک) سانحہ دیر کالونی سے متعلق ایس ایس پی آپریشنز نے رپورٹ سی سی پی او پشاور کو ارسال کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صبح نو بج کر پانچ منٹ پر تھانہ آغا میر جانی کو سکول کی عمارت منہدم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
متعلقہ پولیس افسران نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول کی عمارت پرانی تھی۔ اس کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا۔
عمارت کے ناقص انفراسٹرکچر سے متعلق شکایات موصول ہو چکی تھیں۔ اس کے باوجود سکول انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس نے سکول کی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری رکھی گئی ہیں۔


