کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقوں اقبال مارکیٹ اور پیرآباد میں پولیس کے دو مبینہ مقابلوں میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق اقبال مارکیٹ میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی ہوا اور دو کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں محمد رفیق، محمد کلیم اور ذیشان احمد شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل، گولیاں، تین موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔
زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر دونوں کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسرے واقعے میں پیرآباد کے قریب پولیس کا مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔
ایس ایس پی کے مطابق اس دوران زرولی نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دونوں واقعات میں گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور ان کا سابقہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔


