کراچی (انٹرنیشنل ڈیسک) وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ کی جانب سے کام کی جگہ پر تحفظ کی فراہمی کے لیے دائر درخواست ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کراچی ایسٹ حافظ الرحمن نے کھلی عدالت میں نمٹا دی۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ زمان ٹاؤن کو درخواست گزار کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزار پروفیسر ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ کا مؤقف تھا کہ ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ تعلیمی اداروں میں فرائض انجام دینے والے اساتذہ اور ملازمین کے لیے محفوظ ماحول ضروری ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں آئین پاکستان کے آرٹیکل چار کا حوالہ دیا۔ عدالت نے کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔
پروفیسر ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے کو کسی فریق کی ہار یا جیت کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست دائر کرنے کا مقصد کام کی جگہ پر تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
ملازمین پُرامن ماحول میں فرائض انجام دے سکیں اور ادارے کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔


