بیورو رپورٹ۔ پنجاب پولیس نے اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
رواں سال صوبے بھر میں 11 ہزار 397 ملزمان کو گرفتار کرکے 10 ہزار 849 مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 5 لاکھ 99 ہزار 340 پتنگیں اور 19 ہزار 361 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے شہر میں 5 ہزار 740 ملزمان کو گرفتار کرکے 5 ہزار 466 مقدمات درج کیے۔
اس دوران 2 لاکھ 17 ہزار 176 پتنگیں اور ڈور کی 7 ہزار 875 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو اس کھیل سے دور رکھیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


