اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کے لیے 20 اکتوبر منگل کو آخری دن ہے۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک واجبات کی ادائیگی لازمی مکمل کر لیں۔
ترجمان کے مطابق عازمین حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کا حج پورٹل یا پاک حج ایپ استعمال کر سکتے ہیں۔ حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک یا دستی بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے واجبات مقررہ وقت کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمین کے لیے حج پورٹل سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کر کے ڈاکٹر سے تصدیق کرانا بھی لازم ہے۔
تصدیق شدہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔


