پنگریو (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) بدین میں منشیات فروش گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک ہزار 405 گرام چرس، 9 ہزار 20 گٹکے اور 50 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق کارروائیاں ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران کی گئیں۔
شہید فاضل راہو تھانے کی کارروائی میں زاہد جاکھرو، عرس جاکھرو، شہزاد جتوئی، زہمیر علی جتوئی، علی خان جتوئی، شاہ رخ خان جاکھرو اور ہریش میگھواڑ کو گرفتار کرکے 4 ہزار 320 گٹکے برآمد کیے گئے۔ ٹنڈو غلام علی پولیس نے موھن کو گرفتار کرکے 755 گرام چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔
بدین پولیس نے مختلف کارروائیوں میں نور محمد ملاح اور ساجد علی ملاح کو گرفتار کرکے 50 لیٹر دیسی شراب، جبکہ عبدالحفیظ ترک اور عرفان شیدی کو گرفتار کرکے ایک ہزار گٹکے برآمد کیے۔ تلہار پولیس نے سکندر عرف بابو ملاح کو گرفتار کرکے 2 ہزار 300 گٹکے برآمد کیے، جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔
بدین میں منشیات فروش گرفتار کرنے کی دیگر کارروائیوں میں پنگریو پولیس نے فیضان عرف کالیہ راجپوت کو گرفتار کرکے 650 گرام چرس اور پہلاج بھیل کو گرفتار کرکے 300 مین پوریاں برآمد کیں۔ ڈیئی پولیس نے زاہد حسین ببر کو گرفتار کرکے ایک ہزار 100 سفینا ساشے برآمد کیے، جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


