لاڑکانہ (صورتِ حال، اسپورٹس ڈیسک) حکومت سندھ کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیر اہتمام دو روزہ پہلا سندھ یوتھ آپرچونیٹی فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔
شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری میں ہونے والی اختتامی تقریب میں سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر، رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
فیسٹیول کے دوران نوجوانوں کو کھیل، تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، ہنرمندی، روزگار اور کیریئر کے مواقع سے آگاہ کیا گیا، جبکہ کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد ہوا۔
سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے خطاب میں کہا کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے انہیں مختلف سہولیات اور مواقع سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے نوجوانوں کے لیے کھیل، ہنرمندی، تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسپورٹس پالیسی 2026ء نافذ العمل ہوچکی ہے، جس کے تحت ای اسپورٹس، روایتی، ثقافتی اور جدید کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ ان کے مطابق خواتین، خصوصی کھلاڑیوں اور پنک گیمز کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
سندھ یوتھ آپرچونیٹی فیسٹیول کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ فاتح ٹیم کو 50 ہزار روپے اور ٹرافی دی گئی، جبکہ اختتامی تقریب میں میوزیکل پروگرام بھی پیش کیا گیا۔


