کراچی میں مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چار ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ نارتھ ناظم آباد میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتاری کے بعد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
قائد آباد میں ریڈیو پاکستان گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلے میں زخمی ملزم کی شناخت چوبیس سالہ عبید کے نام سے ہوئی۔ اسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
منگھو پیر پولیس کا محمد خان کالونی میں مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ارسلان نامی ملزم زخمی گرفتار ہوا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
سچل پولیس نے لیاری ایکسپریس وے کے قریب الآصف کے مقام پر نوید عباسی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ نیو کراچی سیکٹر بی چھ میں صبا سنیما کے قریب پینتیس سالہ شاہ رخ زخمی ہو گیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں مہندی حسن پارک کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی گرفتار کیا۔ وہ ملزم عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا جبکہ ہلاک ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے۔


