فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ حکومت برآمدی سہولت اسکیم (ای ایف ایس) جاری رکھے گی اور اس کے غلط استعمال کی روک تھام، مقامی صنعت کے تحفظ اور برآمدات کے فروغ کے لیے اقدامات کرے گی۔
اے پی پی کے مطابق منگل کو ایک نکتۂ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت برآمدی پیداوار کے لیے درکار خام مال اور دیگر ضروری اشیا ڈیوٹی ادا کیے بغیر درآمد کی جا سکتی ہیں۔ ماضی میں بعض معاملات میں غلط استعمال سامنے آنے پر اصلاحی اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اپٹما، مقامی لوم آپریٹرز، ملبوسات بنانے والوں اور دیگر برآمد کنندگان سے مشاورت کر رہی ہے۔ ان کے مطابق مقصد برآمد کنندگان کو مناسب قیمت پر معیاری خام مال کی دستیابی، مقامی پیداوار کے تحفظ اور اسکیم کے شفاف استعمال میں توازن قائم کرنا ہے۔


