اسلام آباد: پاکستان کی پانچ جامعات اور مالدیپ نیشنل یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مطابق معاہدوں کا مقصد مشترکہ و دوہری ڈگری پروگرام، مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے اور علمی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔
ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں ہونے والی تقریب میں مالدیپ نیشنل یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عائشہ شہناز آدم اور پاکستانی اداروں کے نمائندوں نے دستخط کیے۔ پاکستانی جامعات میں نسٹ، پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی، یونیورسٹی آف واہ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور فاؤنڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔
ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے مشترکہ تحقیق، کانفرنسوں اور سیمینارز کے ذریعے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر زور دیا۔ مالدیپ نیشنل یونیورسٹی نے زراعت، فوڈ سائنسز، سیاحت، میرین سائنسز، ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی تبدیلی کو ممکنہ تعاون کے شعبے قرار دیا۔


