لاہور (بیوروچیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام شروع کر دیا ہے اور یہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت ہوگا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق لاہور کی آبادی کے لحاظ سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی گنجائش تیزی سے کم ہو رہی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم ترین عرصے میں جناح کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز جلد پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا افتتاح کرنے جا رہی ہیں، جو ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پاکستان بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور لوگوں کو کام کرنے، اچھی حکمرانی اور میرٹ یقینی بنانے کا طریقہ سکھایا ہے۔ ان کے بقول مریم نواز کی دو سالہ محنت اب رنگ لا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب سے سیکھنے والے پنجاب پر انگلی نہ اٹھائیں۔ پنجاب بڑا بھائی ہے اور خلوص نیت سے تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت حاضر ہے۔


