کراچی میں بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ عالمی درجہ بندی کے ابتدائی 25 کھلاڑیوں میں افسوس کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔
جہانگیر خان نے کہا کہ جس ملک میں اسکواش کا راج ہوا کرتا تھا، آج اس کھیل کے کھلاڑی عالمی سطح پر بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ پاکستان میں اسکواش کا ٹیلنٹ موجود ہے اور بین الاقوامی ٹورنامنٹ بھی تواتر کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔
مشکلات کے باوجود اسکواش میں اسپانسرز کا آنا ایک بڑی بات ہے۔ فیڈریشن کو چاہیے کہ اکیڈمیز لگائے اور کھلاڑیوں کو آگے آنے کے لیے بہتر راستے فراہم کرے۔
ہم عالمی سطح پر صرف ایک ٹورنامنٹ چیف آف ایئر اسٹاف کی میزبانی کرکے بیٹھ جاتے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھے۔
جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن میں احتساب کا عمل ضروری ہے اور صرف کوچز تبدیل کرنے سے معاملات بہتر نہیں ہوسکتے۔


