نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر گوئٹے مالا کے وزیر خارجہ کارلوس رامائرو مارٹینیز الوارادو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان، گوئٹے مالا سیاسی مشاورت معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوستانہ تعلقات پر اطمینان اور سیاسی سطح پر باقاعدہ رابطے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
معاہدے کے تحت باقاعدہ سیاسی مشاورت کے لیے ایک ادارہ جاتی فریم ورک قائم ہوگا، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مستقل رابطے اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر مشاورت کو فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان، گوئٹے مالا سیاسی مشاورت معاہدے کو تعلقات میں مزید پیش رفت قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے علاقائی بحرانوں کے توانائی کی فراہمی اور بحری تجارت پر اثرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے توانائی کے آزادانہ بہاؤ، محفوظ بحری راستوں اور اس معاملے پر مسلسل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن ذرائع کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں کثیرالجہتی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ، کے ذریعے بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔
گوئٹے مالا کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے سیاسی و سفارتی سطح پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


