نیویارک (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حقِ ترقی کے عالمی عہدنامے کو جلد اپنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی کا مقصد محض دولت پیدا کرنا نہیں بلکہ سماجی ترقی اور انسانی وقار کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ڈیکلیریشن آن رائٹ ٹو ڈویلپمنٹ کی 40 ویں سالگرہ پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حقِ ترقی کے تحت ہر شخص کو بہتر مستقبل کی تلاش اور ہر قوم کو مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری وسائل کا حق حاصل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی ترقی پذیر دنیا کی مالی گنجائش محدود کر رہی ہے، جبکہ موسمیاتی آفات برسوں کی محنت سے حاصل ہونے والی ترقی کے ثمرات کو مٹا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی میں عدم مساوات پرانے سماجی و معاشی فاصلے کو نئے ڈیجیٹل دور میں منتقل کرنے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقِ ترقی کو حقیقت بنانے کے لیے عملی ذرائع فراہم کرنا ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے قرضوں کے بحران سے نمٹنے، بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات، رعایتی مالی معاونت، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت اور نقصانات و تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا ڈھانچہ برآمدات میں اضافے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، موثر موسمیاتی اقدامات، توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، مساوات اور بااختیار بنانے پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اس ایجنڈے کی تکمیل میں معاون ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ترقی کا حقیقی پیمانہ یہ ہے کہ انسانیت اجتماعی طور پر کس حد تک ایک ساتھ آگے بڑھتی ہے۔


