اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) موٹروے ایم ون بندش کے باعث اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہیوی ٹرالرز راستے میں کھڑے کیے جانے کے بعد اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج جانے والی موٹروے بند کی گئی۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دستیاب متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جبکہ جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ راستے تاحکم ثانی بند رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب موٹروے ایم ون بندش کے تناظر میں لاہور سے اسلام آباد آنے والی ایم ٹو پر ہیوی ٹریفک اور کارگو گاڑیوں کے اسلام آباد داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بڑی گاڑیوں کے لیے متبادل راستہ جی ٹی روڈ مقرر کیا گیا ہے۔


