لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پبلک ایکشن فورم پاکستان کے چیئرمین آصف سلیم مٹھا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معروف ادیب، صحافی، کالم نگار اور جاسوسی ادب کے رائٹر طارق اسماعیل ساگر کو قومی، ادبی، صحافتی اور تحقیقی خدمات کے اعتراف میں بعد از وفات سرکاری اعزاز دیا جائے۔
آصف سلیم مٹھا کے مطابق طارق اسماعیل ساگر نے اپنی تحریروں کے ذریعے قومی سلامتی، عالمی سیاست، علاقائی حالات اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی متعدد تصانیف اردو قارئین میں مقبول رہیں۔
انہوں نے کہا کہ طارق اسماعیل ساگر کی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے اور حکومت ان کی تصانیف و تحریری سرمایہ محفوظ کرنے کے ساتھ ان کے نام سے ادبی ایوارڈ بھی قائم کرے۔
چیئرمین پبلک ایکشن فورم نے کہا کہ طارق اسماعیل ساگر کو بعد از وفات سرکاری اعزاز دینا ادب، صحافت اور قلم کے ساتھ انصاف ہوگا۔ ان کے بقول، حکومت ان کی کتابوں اور تحریروں کو سرکاری لائبریریوں میں محفوظ کر کے ان کا فکری ورثہ نئی نسل تک پہنچائے۔


