لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی انتشار سیاست ملک میں افراتفری اور سیاسی محاذ آرائی کو بڑھا سکتی ہے۔ ان کے مطابق خطے کی صورتحال حساس ہے اور پاکستان کو اندرونی سکیورٹی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ریاستی ادارے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے لیے پیشگی اقدامات کرے۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی مفاد اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے نام پر ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے عوام کے معمولات زندگی متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام، معاشی تسلسل اور امن و امان کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے بقول، پی ٹی آئی کی انتشار سیاست سے معیشت کی کمزوری کا خمیازہ سب کو بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کے امن، استحکام اور سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے کسی بھی اشتعال انگیزی کا حصہ نہ بنیں۔


