اوٹاوا (صورتِ حال، انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا کی ایران کے 10 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا ہے کہ یہ اقدام ایرانی حکومت کے ظالمانہ جبر میں کردار ادا کرنے والوں کے خلاف کیا گیا ہے۔
انیتا آنند نے اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈا ایرانی حکومت کے قابلِ مذمت اقدامات کے جواب میں اپنے اختیار میں موجود ہر ذریعے کو استعمال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ان اقدامات میں عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنا اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
بیان کے مطابق کینیڈا کی ایران کے 10 افراد اور اداروں پر پابندیاں اعلیٰ سکیورٹی اور حکومتی عہدیداروں کے علاوہ ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے ان اداروں کو بھی نشانہ بناتی ہیں جن پر ڈیجیٹل جبر میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ پابندیوں کی فہرست میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی بھی شامل ہیں۔


