کراچی (این این آئی) پاکستان سنی تحریک کے دونوں دھڑوں کے انضمام کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس کے بعد کراچی کی سیاسی صورتِ حال میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے دونوں گروپوں کے سربراہ ثروت اعجاز قادری اور علامہ شاداب رضا نقشبندی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں دھڑوں نے دوبارہ سیاسی اتحاد قائم کرنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے جلد مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ اکیس اگست دو ہزار تئیس کو پاکستان سنی تحریک کے سینئر رہنماؤں نے ثروت اعجاز قادری سے پارٹی کی سربراہی واپس لی تھی۔
سینئر رہنماؤں نے علامہ شاداب رضا نقشبندی کو نیا سربراہ نامزد کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ثروت اعجاز قادری نے علیحدہ گروپ قائم کرلیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں دھڑوں کے درمیان حالیہ رابطوں اور ملاقاتوں کے نتیجے میں اختلافات ختم کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ الیکشن کمیشن میں پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔
دونوں گروپوں کے ممکنہ انضمام اور آئندہ کے تنظیمی لائحہ عمل کی حتمی تفصیلات مشترکہ پریس کانفرنس میں سامنے آئیں گی۔


