فائل فوٹو
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک، DESK)۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی ایجنسی کی نئی دہلی میں قائم خصوصی عدالت نے کشمیری رہنما محمد یاسین ملک سمیت چھ دیگر افراد کے خلاف مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
این آئی اے نے یہ مقدمہ 2017 میں درج کیا تھا جو مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقدمے میں یاسین ملک کے علاوہ مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، ظہور احمد وٹالی، عبدالرشید شیخ اور نول کشور کپور شامل ہیں۔
ان پر انڈین پینل کوڈ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ این آئی اے کے خصوصی جج پرشانت شرما نے ٹرائل شروع کرنے کا حکم دیا ہے اور سماعت بند کمرہ عدالت میں ہوئی۔
استغاثہ کی جانب سے شواہد قلمبند کرنے کا عمل 19 نومبر سے شروع ہوگا۔ یاسین ملک نے تہاڑ جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہو کر الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ مقدمے کا سامنا کریں گے۔
عدالت نے اس مقدمے کے حوالے سے فرد جرم گزشتہ ماہ ستمبر میں دائر کی تھی۔


